ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنگلورو میں سی اے اے کی حمایت میں مہم کے دوران بی جے پی ورکرس کی غنڈہ گردی، جیوتی نواس کالج کی طالبات کے تحفظ کو یقینی بنانے والدین کا مطالبہ

بنگلورو میں سی اے اے کی حمایت میں مہم کے دوران بی جے پی ورکرس کی غنڈہ گردی، جیوتی نواس کالج کی طالبات کے تحفظ کو یقینی بنانے والدین کا مطالبہ

Fri, 10 Jan 2020 21:20:09    S.O. News Service

بنگلورو،10/جنوری (ایس او نیوز) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے شہریت ترمیم قانون (سی اے اے) کی حمایت میں ریاست بھر میں مہم شروع کررکھی ہے اور یہ کارکن طلباء اور عام شہریوں پر سی اے اے کی تائید کرنے کے لئے دباؤ ڈال رہے ہیں جس کے نتیجہ میں بی جے پی کارکن اور عام شہریوں کے درمیان جھڑپیں ہورہی ہیں۔ بی جے پی کارکنوں کی ایسی حرکتوں سے ریاست میں نظم وضبط کا مسئلہ پیدا ہوسکتا ہے۔ اس لئے ان کی زیادتی کے خلاف فوری کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ کل شام شہر کے کورمنگلا کے ایک کالج سے باہر بی جے پی ورکرس نے طلباء سے سی اے اے کی تائید کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ”پاکستان واپس چلے جاؤ“ جیسے نعرے لگائے۔ اس دوران بی جے پی ورکرس نے کالج کی دیوار پر سی اے اے کی حمایت میں ایک بینر بھی لگایا اور اس بینر پر دستخط کرنے کے لئے کہا۔ اس کالج کی چند طالبات نے ان کے کالج کی دیوار پر بینر لگانے پر اعتراض کیا تو طالبات اور بی جے پی ورکروں کے درمیان لفظی جھڑپ ہوئی۔ ورکروں نے طالبات کو ڈرایا دھمکایا۔ اتناہی نہیں اس کالج پر جے این یو جیسا حملہ کرنے کی بھی دھمکی دی۔ سوشیل میڈیا پر اس کا ویڈیو بھی وائرل ہوگیا ہے۔ کورمنگلا سے قریب واقع جیوتی نواس کالج کی دیوار پر جب ایک مقامی بی جے پی لیڈر ایم ایم گووند راج کے طرفداروں نے ”انڈیا سپورٹ سی اے اے“ کا پوسٹر لگایا تو طالبات نے اعتراض کیا۔ جس پر بی جے پی ورکروں اور طالبات میں گرما گرم بحث اور گالی گلوج بھی ہوئی۔ اس بحث کے دوران بی جے پی وکروں نے ”ہم سی اے اے چاہتے ہیں، پاکستان واپس جاؤ“ جیسے نعرے بھی لگائے۔ آج صبح سابق وزیر ورکن اسمبلی حلقہ بی ٹی ایم لے آؤٹ رام لنگا ریڈی نے کالج کا دورہ کرکے اس پورے واقعہ کی تفصیلات معلوم کرنے کے بعد کالج انتظامیہ سے بات کی۔ دریں اثنا کالج کی طالبات نے بی جے پی ورکروں کی بربریت کے خلاف کالج احاطے میں مظاہرہ بھی کیا۔ اس دورہ کے بعد نامہ نگاروں کو ریڈی نے بتایا کہ کالج کیمپس میں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی جیوتی نواس کالج کو جے این یو بننے دیا جائے گا۔ اگر بی جے پی ورکرس کو سی اے اے کی حمایت میں مہم چلانی ہے تو کسی گراؤنڈ میں جاکر چلائیں۔ ریڈی اور ان کی بیٹی رکن اسمبلی حلقہ جئے نگر سومیا ریڈی نے اس سلسلہ میں ساؤتھ ایسٹ بنگلور کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس سے بات کرکے اس کالج کے پاس پولیس کا معقول انتظام فوری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کالج میں مسلم طالبات کی زیادہ تعداد ہے۔ اس واقعہ کے بعد والدین کالج میں اپنی بچیوں کے تحفظ پر فکر مند اور خوف زدہ ہیں۔ فی الحال کالج کو دودن کی چھٹی دی گئی ہے۔ یہاں کی تمام طالبات کے تحفظ کو یقینی بنانے پولیس کو فوری شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا والدین نے مطالبہ کیا ہے کیونکہ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں گھس کر طلبا کی پٹائی کرنا بی جے پی ورکروں کا معمول بن گیا ہے۔


Share: